دموہ، 15/جون (ایس او نیوز/ایجنسی) مدھیہ پردیش کے دموہ عدالت کے ایڈیشنل سیشن جج رجنی باتھم نے دموہ شہر میں واقع گنگا جمنا اسکول کے معاملے میں استغاثہ کے دلائل سے اتفاق کرتے ہوئے تینوں ملزمین کی درخواست ضمانت مسترد کر دی۔
ڈسٹرکٹ پبلک پراسکیوٹر مکیش جین نے بتایا کہ گنگا جمنا اسکول کیس کے تین ملزمین میں سے ریاضی کے استاد انس اطہر، چوکیدار رستم علی اور پرنسپل افشاں شیخ نے ضمانت کی درخواستیں دائر کی تھیں۔ اس میں اس سے قبل اسکول کے معاملے میں دموہ کلیکٹر اور پولیس سپرنٹنڈنٹ کے ٹویٹ کی بنیاد پر کہا گیا تھا کہ دموہ کلیکٹر اور ایس پی نے پہلے کلین چٹ دے دی تھی۔
اس معاملے میں عدالت نے دموہ کے کلیکٹر اور پولیس سپرنٹنڈنٹ کو بھی طلب کیا تھا اور سب کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے ملزمین کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی۔ اس معاملے میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ گنگا جمنا اسکول کے ڈائریکٹرز کو بھی پولیس نے ملزم بنایا ہے، جن کی پولیس مسلسل تلاش کر رہی ہے، لیکن اب تک پولس کسی بھی ملزم کو گرفتار نہیں کر سکی ہے۔